نیب شریف فیملی پر لندن فلیٹس کیس اسٹیبلش ہی نہیں کرسکا: خواجہ حارث

Last Updated On 22 June,2018 03:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس میں وکیل خواجہ حارث کے حتمی دلائل جاری ہیں، سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز استشنیٰ ہونے کے باعث عدالت میں پیش نہ ہوئے۔

جج محمد بشیر نے نیب ریفرنسز کی سماعت کی۔ احتساب عدالت میں شریف خاندان کے وکیل خواجہ حارث نے کہا ہے کہ نواز شریف لندن فلیٹس کے بینفیشل اونر ہیں نہ ہی ان کا اس سے کوئی تعلق، نیب کی دستاویزات میں ان کا کہیں نام نہیں، استغاثہ کو لندن فلیٹس کی ملکیت ثابت کرنا تھی جو وہ نہیں کر سکا۔

وکیل خواجہ حارث نے چوتھے روز دلائل میں موقف اختیار کیا کہ جس متفرق درخواست اور طارق شفیع کے بیان حلفی پر استغاثہ انحصار کر رہا ہےاس میں بھی نواز شریف کا ذکر نہیں، طارق شفیع کے پہلے اور دوسرے بیان حلفی میں تضاد ہے۔

خواجہ حارث نے کہا یو اے ای سے جو ایم ایل اے کے جواب آئے ان میں بھی نواز شریف کا نام نہیں، نیب کی جانب سے کیس اسٹیبلش نہیں کیا گیا، اس لئے صفائی میں کچھ پیش کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئی، ٹرسٹ ڈیڈ کا بھی نواز شریف سے کوئی تعلق نہیں جڑتا کیونکہ یہ مریم نواز اور حسین نواز کے درمیان ہے، کیس کی مزید سماعت پیر کو ہوگی۔