اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) ایف بی آر نے پاکستان میں نادر گاڑیوں کی درآمدات پر مجموعی ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں کو یکجا کر کے ان کی درآمدی ڈیوٹی 5 ہزار امریکی ڈالر مقرر کر دی ہے۔
پاکستان میں نادر گاڑیوں کو لوگ شوق سے اپنے گھروں کی زینت بناتے ہیں۔ ایف بی آر نے ان نادر گاڑیوں کی درآمدات پر مجموعی ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں کو یکجا کر کے ان کی درآمدی ڈیوٹی 5 ہزار امریکی ڈالر مقرر کر دی ہے۔ اس ضمن میں ایف بی آر کی جانب سے ملک بھر کی کسٹمز کلکٹریٹس کو جاری کیے گئے فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ پاکستان کسٹمز ٹیرف ہیڈنگ 8703 کے زمرے میں 1 جنوری 1968 سے قبل دنیا میں بننے والی پرانی نادر گاڑیاں ونٹیج کاریں، جیپیں اور کلاسک کاریں جیپیں جو اس وقت دنیا میں چند ہی دستیاب ہیں اور جنہیں لوگ شوق سے اپنے گھروں کی زینت بناتے ہیں کی درآمد پر اس وقت کسٹمز ڈیوٹی، ریگولیٹری ڈیوٹی، ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹی، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی، سیلز ٹیکس اور ود ہولڈنگ ٹیکس بھی عائد ہے۔ لہٰذا ایف بی آر نے فیصلہ کیا ہے کہ ایسی نادر گاڑیوں کی پاکستان میں درآمدی ڈیوٹی 5 ہزار امریکی ڈالر کر دی جائے۔