اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران حکومت کا بڑا فیصلہ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان، اطلاق رات 12 بجے ہوگا۔ نگران وزیر اطلاعات کہتے ہیں عوامی مشکلات سے آگاہ ہیں، قیمتوں میں کمی سے حکومت کو 10 ارب کا نقصان ہوگا۔
وفاقی وزیر توانائی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا، سید علی ظفر کا کہنا ہے کہ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔موٹرسپرٹ اور کیروسین آئل میں ٹیکس کی شرح 17 سے 12 فیصد جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل میں سیلز ٹیکس کی شرح 31 سے 24 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ لائٹ ڈیزل کی سیلز ٹیکس کی شرح 17 سے 9 فیصد کردی گئی ہے۔
نگران وفاقی وزیر علی ظفر کا کہنا ہے کہ نگران حکومت عوامی مشکلات کے بارے میں مکمل آگاہ ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے معاشی پہیہ تیزی سے چلے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے حکومت کو 10 ارب کا نقصان ہوگا۔
نگران وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 روپے 37 پیسے تک کمی کی ہے۔ پٹرول 4 روپے 26 پیسے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل 6 روپے 37 پیسے فی لیٹر، مٹی کا تیل 3 روپے 74 پیسے اور لائٹ ڈیزل 5 روپے 54 پیسے فی لیٹر سستا کر دیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 95.24 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 112 روپے 94 پیسے، مٹی کا تیل 83.96 روپے اور لائٹ ڈیزل 75 روپے 37 پیسے کا ہوگیا ہے۔