کراچی: (روزنامہ دنیا) فی تولہ سونا 55 ہزار 200، دس گرام 47 ہزار 325 روپے ریکارڈ کیا گیا، عالمی منڈی میں فی اونس سونا 10 ڈالر گھٹ کر 1214 ڈالر کا ہوگیا۔
عالمی بلین مارکیٹ میں گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران سونے کے نرخ میں 10 ڈالر کی کمی دیکھی گئی اور فی اونس سونے کی قیمت 1224 ڈالر سے گھٹ کر 1214 ڈالر ہوگئی۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں کمی کے باعث مقامی سطح پر بھی سونے کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔ آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق 7 روز کے دوران ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 1150 روپے کی کمی دیکھی گئی۔
جس کے بعد کراچی، حیدرآباد، لاہور، ملتان، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 56 ہزار 350 روپے سے کم ہو کر 55 ہزار 200 روپے ہوگئی۔ اسی طرح 986 روپے کی کمی سے دس گرام سونے کی قیمت 48 ہزار 311 روپے سے گھٹ کر 47 ہزار 325 روپے ریکارڈ کی گئی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 40 روپے کی کمی سے 720 روپے ہوگئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عام انتخابات میں تحریک انصاف کی فتح، عمران خان کی تقریر سے سیاسی استحکام کی امیدوں اور امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں ریکوری کے نتیجے میں سونے کی مقامی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔