سونے کی قیمتیں 5 ماہ کی کم ترین سطح پر

Last Updated On 30 July,2018 05:23 pm

کراچی: (روزنامہ دنیا) روپے کی قدر میں ریکوری سے سونے کی قیمتوں میں کمی، مقامی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ و دس گرام کی قیمتوں میں بالترتیب 1650 اور 1414 روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

عام انتخابات میں پی ٹی آئی کی واضح اکثریت سے کامیابی اور اس کے نتیجے میں استحکام کی امیدوں پر مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو بھی تیزی سے نیچے آنے پر مجبور کردیا ہے، جس کے نتیجے میں فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتیں 5 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئیں۔انتخابات کے بعد بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں اگرچہ صرف 4 ڈالر کی کمی ہوئی لیکن مقامی صرافہ مارکیٹوں میں اسکے برعکس فی تولہ سونے کی قیمت ان تین دنوں میں 2850 روپے اور فی 10 گرام سونے کی قیمتوں میں 2443 روپے یا 4.81 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ عام انتخابات میں تحریک انصاف کی فتح اور عمران کی تقریر سے سیاسی استحکام کی امیدوں اور امریکی ڈالر کے مقابل روپے کی قدر میں ریکوری کے نتیجے میں سونے کی مقامی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔ گزشتہ روز بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 4 ڈالر کے اضافے سے 1224 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹوں میں پرائس ایڈجسٹمنٹ کے باعث فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 1650 روپے اور 1414 روپے نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

تاہم اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 5 روپے کی کمی سے 760 اور فی دس گرام چاندی کی قیمت 4 روپے 29 پیسے گھٹ کر 651 روپے 57 پیسے ہوگئی۔