لندن: (روزنامہ دنیا) ماہرین کا کہنا ہے کہ برنٹ نارتھ سی کروڈ کے نرخ 72.87 ڈالر فی بیرل رہنے کی توقع ہے۔
ماہرین نے کہا ہے کہ 2018ء اور 2019ء کے دوران خام تیل کے نرخ مستحکم رہنے کا امکان ہے جس کی وجہ اوپیک ممالک اور امریکا کی جانب سے بین الاقوامی طلب پوری کرنے کیلئے سپلائی میں اضافہ ہے۔ ماہرین معاشیات اور تجزیہ کاروں سے کیے جانے والے سروے کی رپورٹ کے مطابق 2019 تک خام تیل کے نرخ مستحکم رہنے کا امکان ہے۔
2018ء کے دوران برنٹ نارتھ سی کروڈ کے اوسط نرخ 72.87 ڈالر فی بیرل رہنے کی توقع ہے جو جولائی میں جاری ہونے والی ماہرین کی سروے رپورٹ کے اندازوں سے 29 امریکی سینٹ اور رواں سال کے مجموعی اوسط نرخ 71.68 ڈالر فی بیرل کے پیشگی اندازوں سے زیادہ ہیں۔ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کے رواں سال کے اوسط نرخ 67.32 ڈالر فی بیرل رہنے کی توقع ہے، گزشتہ ماہ رواں سال کے اوسط نرخ 66.79 ڈالر فی بیرل رہنے کی توقع ظاہر کی گئی تھی۔