لاہور: (دنیا نیوز) قرض کے حصول میں امریکہ نے پاکستان کی راہ میں روڑے اٹکائے تو برادر اسلامی ملک مدد کے لیے آپہنچا، سعودی عرب نے اسلامی ترقیاتی بینک کو 4 ارب ڈالر سے زائد قرضہ دینے کا گرین سگنل دے دیا۔
بین الاقوامی جریدے فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اسلامی ترقیاتی بینک سے 4 ارب ڈالر سے زائد قرضہ لینے کا ارادہ کر رہا ہے جبکہ قرض کی منظوری دینے کے لیے بینک نئی حکومت آنے کا انتظار کر رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سعودی عرب پاکستان کو موجودہ مالی بحران سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔
اخبار کے مطابق اسلامی ترقیاتی بینک سے لیے جانے والا قرض درآمد ہونے والے خام تیل کی ادائیگی کے لیے استعمال ہوگا۔ رپورٹ میں مزید لکھا ہے کہ آئی ایم ایف سے قرض لینے کے بجائے پاکستان بھی دیگر ذرائع سے مالی تعاون حاصل کرنے پر غور کر رہا ہے اور یہ قرض پاکستان کی ضروریات کو پورا تو نہیں بلکہ اس کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان کو طویل مدتی قرضوں کی واپسی کے لیے لگ بھگ 9 ارب ڈالر درکار ہیں۔