تربیلا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ختم

Last Updated On 20 August,2018 06:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تربیلا ڈیم مکمل طور پر بھر گیا، جس کے بعد ڈیم کے سپل ویز کھول دیے گئے۔

تربیلا ڈیم اپنی پوری صلاحیت کے مطابق بھر گیا، اضافی پانی کے اخراج کے لیے ڈیم کے سپل ویز کھول دیے گئے ہیں۔ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1550 فٹ ہے، حکام کا کہنا ہے کہ ڈیم میں مزید پانی بھرنے کی گنجائش نہیں رہی ہے۔ سپل ویز کھولنے سے رواں سیزن کے دوران 60 سے 80 ملین ایکڑ فٹ پانی سمندر میں ضائع ہوجائے گا۔

ترجمان واپڈا کے مطابق تربیلا جھیل میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ 6.047 ملین ایکڑ فٹ ہے۔ تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد 2 لاکھ 24 ہزار 800 اور اخراج 1 لاکھ 81 ہزار 100 کیوسک ہے۔ دوسری طرف منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1170.75 فٹ ہے جبکہ ڈیم میں پانی کی آمد 29 ہزار 297 کیوسک اور اخراج 10 ہزار کیوسک ہے۔ منگلا ڈیم میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ 2.70 ملین ایکڑ فٹ ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پانی کا ذخیرہ بڑھانے اور دستیاب پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے فوری طور پر ڈیموں کی تعمیر کی ضرورت ہے۔

Advertisement