کراچی: (دنیا نیوز) رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں ملکی تجارتی خسارہ 6 ارب 17 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔
معاشی سرگرمیوں میں سست روی کے باعث 2 ماہ کے دوران تجارتی خسارہ 1 فیصد کمی کے بعد 6 ارب 17 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ ادارہ شماریات کے مطابق جولائی سے اگست کے دوران ملکی برآمدات 5 فیصد اضافے سے 3 ارب 66 کروڑ ڈالر جبکہ درآمدات 1 فیصد اضافے سے 9 ارب 83 کروڑ ڈالر رہی۔
دوسری جانب صرف اگست میں تجارتی خسارہ 3 فیصد کمی کے بعد 2 ارب 98 کروڑ ڈالر رہا۔ ایک ماہ کے دوران ملکی برآمدات 8 فیصد اضافے سے 2 ارب ڈالر جبکہ اگست میں درآمدات 1 فیصد اضافے سے تقریبا 5 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق حکومت کو خسارہ کم کرنے کے لیے جلد ہی غیر ضروری درآمدات پر پابندی عائد کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی صنعتوں میں پیداوار بڑھانے کے لیے ضروری اقدامات کرنے پڑیں گے۔