کوہاٹ: (دنیا نیوز) درہ آدم خیل میں کوئلے کی کان میں دھماکے سے 9 کان کن جاں بحق جبکہ ملبے تلے پھنسے مزدوروں کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق کوئلے کی کان میں دھماکا گیس بھرجانے سے ہوا، دھماکے کے وقت کان میں 11 مزدور کام کر رہے تھے، امدادی ٹیموں نے 9 مزدوروں کی لاشیں نکال لیں جبکہ دیگر مزدوروں کو بچانے کے لیے امدادی کارروائی جاری ہیں، مزدوروں کا تعلق شانگلہ سے بتایا جاتا ہے۔
ادھر تحریک انصاف کے رہنماء شوکت یوسفزئی نے کوہاٹ کے علاقے درہ آدم خیل میں کوئلے کی کان میں دھماکے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے جاں بحق ہونے والے مزدوروں کے لواحقین سے ہمدردی اور دکھ کا اظہار کیا۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے مزدوروں کا تعلق شانگلہ سے ہے، کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کے حوالے سے قانون سازی کی جائے گی جبکہ کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی انشورنس کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔