اسلام آباد: (دنیا نیوز) نئی حکومت کے عوام پر پہ در پہ وار، گیس اور بجلی کے بعد پٹرول بم گرانے کی تیاری مکمل، یکم اکتوبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔
عوام ہوشیار، مہنگائی کے طوفان کیلئے تیار ہوجائیں۔ ذرائع وزارت پٹرولیم کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے فی لٹر تک اضافے کا امکان ہے۔ یکم اکتوبر سے پٹرول 6 روپے 30 پیسے فی لٹر مہنگا ہونے کا امکان ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 50 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے فی لٹر اضافہ متوقع ہے۔ مٹی کا تیل 10 روپے فی لٹرمہنگا ہو سکتا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں فرنس آئل کی فی بیرل قیمت میں ڈیڑھ ڈالر تک اضافہ ہوچکا ہے تاہم اس کے باوجود حکومت نے رواں ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ساڑھے 6 روپے تک کا ریلیف دیا تھا لیکن ریلیف کے بعد اب اچانک عوام کو تکلیف دینے کی پلاننگ ہو رہی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا جس سے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔