لاہور: (دنیا نیوز) اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں مزید اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، گھریلو سلنڈر 1613 روپے کا ہوگیا۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے ستمبر 2018ء کیلئے ایل پی جی کی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق گیس 4 روپے فی کلو مہنگی کر دی گئی ہے۔ ایل پی جی 132 روپے سے بڑھ کر 137 روپے فی کلو اور گھریلو سلنڈر 1564 روپے سے بڑھ کر 1613.43 روپے پر فروخت ہوگا۔ اس حوالے سے چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ ایل پی جی پالیسی 2016ء کا از سر نو جائزہ لینے تک قیمتیں بڑھتی رہیں گی جو کہ غریب صارفین کیلئے بوجھ ہے۔
ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن قیمتیں بڑھنے کے سخت خلاف ہے اور حکومت وقت سے گزارش کرتی ہے کہ روز بروز بڑھتی ہوئی قیمتوں کو قابو کرنے کیلئے ایل پی جی پالیسی 2016 کا جلد از جلد از سر نو جائزہ لے۔ پاکستان ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین علی حیدر نے کہا ہے کہ پاکستان میں مرکزی بینک کے قوانین میں مزید سختی اور ڈالر کی قدر میں ہونے والے نمایاں اضافے کی وجہ سے اگست 2018 کے دوران ملک میں ایل پی جی کی درآمدات میں 90 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے لیکن اس حقیقت کے باوجود مقامی پرڈیوسرز کی جانب سے ایل پی جی کی قیمتوں میں پے درپے اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ قیمتوں میں اضافہ پسماندہ دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں قدرتی گیس کی سہولت سے محروم غریب صارفین کے ساتھ ظلم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پروڈیوسرز عالمی سطح پر بڑھنے والی قیمتوں کو جواز بناکر بے دریغ انداز میں ایل پی جی کی قیمت بڑھا رہے ہیں لیکن عالمی سطح پر جب ایل پی جی کی قیمت میں کمی ہوتی ہے تو اس کمی کے تناسب سے قیمتیں گھٹانے سے گریز کرتے ہیں۔