اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں ایل پی جی گیس کی قیمت میں 5 روپے فی کلو کا اضافہ، گھریلو سلنڈر 60 روپے اور کمرشل سلنڈر 240 روپے مہنگا ہوگیا۔ گلگت بلتستان سیمت پہاڑی علاقوں میں ایل پی جی کی قیمت 210 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔
ایل پی جی پروڈیوسرز نے اوگرا کی جانب سے ایل پی جی گیس کی قیمت میں اضافے کے نوٹیفکیشن کے بغیر ہی قیمت میں اضافہ کردیا۔ حالیہ اضافے کے باعث کراچی میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت 150روپے، لاہور، گوجرانوالہ گجرات، حیدرآباد، سکھر، قصور میں 165 روپے فی کلو، جہلم، میاں چنوں، ساہیوال، فیصل آباد، بہاولپور، ملتان، راجن پور، رحیم یار خان اور پشاور میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت 170 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔
راولپنڈی، اسلام آباد، ٹںڈو الہ یار، سیالکوٹ، ڈیرہ اسماعیل خان، بھکر اور سوات میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت 180 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ مری، نتھیاگلی اور بالاکوٹ میں 190 روپے فی کلو اور آزاد کشمیر، گلگت بلتستان میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت 210 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔
ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ 14 جون سے جے جے وی ایل کے ایل پی جی پلانٹ کی بندش سے ایل پی جی انڈسٹری میں خلا پیدا ہوگیا ہے جس سے تقریبا 13000 میٹرک ٹن ماہانہ کی کمی واقع ہوئی ہے۔