لاہور: (دنیا نیوز) چودھری محمد سرور 28 اگست کو گورنر پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ چودھری سرور حلف اٹھانے کے بعد پنجاب کابینہ سے حلف لیں گے۔
پنجاب کے نامزد گورنر چودھری محمد سرور دوسری بار منصب سنبھالنے کو تیار ہیں۔ ذرائع کے مطابق وہ 28 اگست کو عہدے کا حلف اٹھائیں گے جبکہ حلف اٹھانے سے ایک دن پہلے سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دیں گے۔ چودھری سرور وزیراعظم عمران خان کی کفایت شعاری مہم کے مطابق گورنر ہاؤس کے بجائے لاہور میں اپنے گھر میں ہی رہائش رکھیں گے جبکہ گورنر ہاؤس کو صرف عوام کے مسائل کے حل کے لیے استعمال کریں گے۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے چودھری سرور کو برطانیہ سے بلا کر پنجاب کی گورنرشپ دی تھی۔ بعدازاں ن لیگ سے اختلافات کے بعد چودھری سرور نے عہدے سے استعفیٰ دیا اور پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔