اسلام آباد: (دنیا نیوز) صارفین کے لئے تبدیلی کا خوشگوار جھونکا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی دو تجاویز تیار، اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 روپے فی لٹر تک کمی کی سفارش کر دی جبکہ پٹرولیم ڈویژن نے ہائی سپیڈ ڈیزل پر سیلز ٹیکس اور لیوی میں کمی کی سفارش کی ہے، قیمتوں میں ردوبدل کا حتمی فیصلہ کل کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اوگرا نے یکم ستمبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں ردوبدل کی سمری پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق اوگرا نے موجودہ سیلز ٹیکس اور پٹرولیم لیوی کی بنیاد پر سمری تیار کی ہے۔
اوگرا کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں 2 روپے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے فی لٹر تک کمی کی سفارش کی گئی ہے۔ اوگرا نے مٹی کے تیل کی قیمت میں صرف 30 پیسے فی لٹر اورلائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 70 پیسے فی لٹر تک اضافے کی سفارش کی ہے۔
ذرائع کے مطابق پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے ہائی سپیڈ ڈیزل، لیوی اور جی ایس ٹی کی شرح میں کمی کی تجویز زیرِ غور ہے۔ پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت پٹرول سے 2 روپے فی لٹر کم مقرر کرنے کی تجویز ہے۔
پٹرولیم ڈویژن نے پٹرول کی فی لٹر قیمت 92 روپے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 90 روپے فی لٹر مقرر کرنے کی تجویز دی ہے۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لٹر قیمت 22 روپے 94 پیسے فی لٹر کم کرنے کی بھی تجویز ہے۔
پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پٹرول کی فی لٹر قیمت میں 3 روپے فی لٹر کمی کی تجویز ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے پٹرولیم ڈویژن اور وزارتِ خزانہ کی مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ وزیرِاعظم عمران خان کریں گے۔