دو ماہ کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں اضافہ

Last Updated On 23 September,2018 05:21 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایل این جی کی درآمد میں 147، خام تیل میں 67 فیصد اضافہ، ایک ارب ڈالر کا پٹرول، ڈیزل اور مٹی کا تیل درآمد کیا گیا۔ مقامی گیس کی پیداوار طلب سے کم ہونے کے باعث ایل این جی کی درآمدات میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔

 رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ادارہ شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق درآمدات 2 ارب 64 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔ جولائی سے اگست کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کی سب سے بڑی وجہ ایل این جی درآمدات میں اضافہ ہے۔ دو ماہ کے دوران ایل این جی درآمدات 147 فیصد اضافے سے 66 کروڑ ڈالر رہیں۔

ادارہ شماریات کے مطابق دو ماہ کے دوران خام تیل کی درآمدات 67 فیصد اضافے سے 88 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔ دوسری جانب انہیں دو ماہ میں ایک ارب ڈالر کا پٹرول، ڈیزل اور مٹی کا تیل درآمد کیا گیا۔ اس طرح رواں مالی سال کے دو ماہ میں مجموعی طور پر پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات 2 ارب 64 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں۔

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق مقامی گیس کی پیداوار طلب سے کم ہونے کے باعث ایل این جی کی درآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔

Advertisement