کراچی: (دنیا نیوز) کئی روز کی مندی کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان، 100 انڈیکس 606 پوائنٹس کے اضافے سے 38 ہزار 504 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
معیشت کی بگڑتی حالت کو سہارا دینے کی خاطر حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے پاس جانے کا حتمی فیصلہ کرلیا۔ حکومتی فیصلے کے بعد تمام افواہوں نے دم توڑا اور بے یقنی کی فضاء کا خاتمہ ہوتے ہی اسٹاک مارکیٹ میں کئی روز کی مندی کے بعد تیزی دیکھنے میں آئی۔ ٹریڈنگ کے دوران 100 انڈیکس میں 1100 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مارکیٹ کے اختتام پر انوسیٹرز کی جانب سے "پروفٹ ٹیکنگ" بھی دیکھنے میں آئی اور مارکیٹ 606 پوائنٹس کے اضافے سے 38 ہزار 504 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوئی۔