سائبر حملوں کے پیش نظر بیرونی ممالک آن لائن ادائیگیوں پر پابندی عائد

Last Updated On 04 November,2018 09:15 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ممکنہ سائبرحملوں سے بچنے کے لئے پاکستانی بینکوں نے بیرونی ممالک آن لائن ادائیگیوں کے استعمال پر پابندی عائد کر دی۔

پاکستانی بینکوں پر سائبر حملوں کے بادل منڈلانے لگے، کب کون سا بینک سائبروں حملوں کا نشانہ بن جائے کوئی نہیں بتا سکتا، موجودہ خدشات کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام بینکوں نے بیرون ممالک آن لائن ادائیگیوں کی سہولت کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔

آن لائن ادائیگیوں کے سسٹم پر پابندی بینک اسلامی پر سائبر اٹیک کے تناظر میں لگائی گئی ہے۔

بینکوں نے اپنے کسٹمرز کو یہ بھی ہدایت جاری کی ہیں کہ اگر وہ ملک سے باہر جا رہے ہیں اور کارڈ استعمال کرنا چاہتے ہیں یا پھر آن لائن بیرون ممالک فیس، یا علاج کے لئے رقم ٹرانسفر کرنا چاہتے ہیں تو بینک کو اطلاع کریں۔ ایسی صورت میں بینک کچھ وقت کے لئے سہولت فراہم کرسکتے ہیں۔

سائبر اٹیک کے حوالے سے عالمی نیوز ویب سائٹ کرب آن سیکیورٹیز نے اپنی حالیہ رپورٹ میں 26 اکتوبر کو سائبر چوروں کے بازار جوکر اسٹیشن پر کچھ نیا ڈیٹا فروخت ہونے کا انکشاف کیا تھا۔