اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہ چین سے دونوں دوست ملکوں کے درمیان مجموعی اقتصادی تعلقات بلندیوں کی نئی سطح تک پہنچ گئے ہیں، باہمی تعاون کے کئی مواقع کی نشاندہی کی گئی اور اقتصادی تعاون کے شعبہ میں متعدد ایم او یوز پر دستخط کئے گئے۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورہ چین سے دونوں دوست ملکوں کے درمیان مجموعی اقتصادی تعلقات بلندیوں کی نئی سطح تک پہنچ گئے ہیں۔
دورے کے دوران باہمی تعاون کے کئی مواقع کی نشاندہی کی گئی اور اقتصادی تعاون کے شعبہ میں متعدد ایم او یوز پر دستخط کئے گئے۔ ان معاہدوں میں سماجی اقتصادی ترقی، غربت میں کمی، زراعت، اقتصادی و ٹیکنیکل تعاون فارسٹری، ارتھ سائنس، ہائیر ایجوکیشن اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں شامل ہیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورہ چین کے موقع پر دونوں ملکوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ سی پیک کا پہلا مرحلہ جو انفراسٹرکچر اور انرجی سیکٹر کی بہتری پر مشتمل ہے تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔
دونوں ملکوں نے فیصلہ کیا کہ سی پیک کے اگلے مرحلے میں صنعتی توسیع، زراعت کی بحالی اور تجارتی استحکام پر توجہ دی جائے گی۔ اس مرحلے کی تکمیل سے برآمدات میں اضافہ اور روزگار کے مواقع پیدار کرنے سے متعلق حکومت پاکستان کے مقاصد کے حصول میں مدد ملے گی۔
پاکستانی برآمدات کیلئے مارکیٹ تک فوری رسائی اور ادائیگیوں میں توازن سے متعلق امور بھی زیر بحث لائے گئے۔ چین کی اعلیٰ قیادت نے اپنے بھرپور تعاون کا اظہار کیا اور امور پر مزید بحث کیلئے دونوں فریقوں نے ٹاسک فورس قائم کی۔
اس سلسلہ میں خزانہ، خارجہ امور، پلاننگ و ترقی اور تجارت کے وفاقی سیکرٹریز اور گورنر سٹیٹ بینک پر مشتمل سینئر سطح کا وفد رواں ہفتے چین کا دورہ کرے گا اور چینی حکام کے ساتھ طریقہ کار وضع کی جائے گی۔