کراچی: (دنیا نیوز) انٹر بینک میں ڈالر 11 پیسے مہنگا ہوگیا جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر 133 روپے 95 پیسے پر بند ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 70 پیسے مہنگا ہو کر 134 روپے 20 پیسے کا ہو گیا۔
انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کا ریٹ مستحکم ہوا جس کے بعد سرمایہ کار 133 روپے 95 پیسے پر ٹریڈ نگ کرتے رہے۔بتایا گیا ہے کہ انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر مستحکم ہونے کے بعد 133 روپے95پیسے پر لین دین ہوتا رہا۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کا دور 2 ہفتے تک چلے گا جس کے بعد پاکستانی معیشیت کے حوالے سے کوئی بھی بات یقین سے کہی جا سکتی تاہم خزانے میں 1 ارب ڈالر آنے کے بعد روپے کی قدر میں بہتری کے امکانات ہیں۔
دوسری جانب کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس میں کمی ریکارڈ کی گئی جس کی سب سے بڑی وجہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے کھاد بنانے والی کمپنیوں اور فیکٹریوں کو بجلی کی پیداوار کے لئے گیس کی فراہمی کے فیصلے کا نہ ہونا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسٹاک مارکیٹ میں کئی کمپنیوں کے حصص کی مالیت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ اختتام پر مارکیٹ 292 پوائنٹس کی کمی کے بعد 41 ہزار 96 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوئی۔