آئی ایم ایف پروگرام 2019ء کے ابتدا میں شروع ہو سکتا ہے، دی اکنامسٹ

Last Updated On 16 November,2018 09:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عالمی جریدے دی اکنامسٹ کے مطابق ترسیلات زر میں اضافے سے ادائیگیوں میں بہتری آنے کا امکان ہے۔

 

عالمی جریدے دی اکنامسٹ نے پاکستان کی معیشت پر تجزیہ جاری کر دیا۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں یہ دوسرا موقع ہے جب ترسیلات زر 2 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، ترسیلات زر میں اضافہ کی وجہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور خلیجی ممالک کے معاشی حالات میں بہتری ہے، اس کے علاوہ روپے کی قدر میں کمی کا ہونا بھی ترسیلات زر میں اضافے کا سبب بنا۔

عالمی جریدے کے مطابق جاری کھاتوں کا خسارہ جی ڈی پی کا 5 اعشاریہ 8 فیصد یعنی 18 ارب 30 کروڑ ڈالر رہنے کا امکان ہے، ترسیلات زر میں اضافے سے جاری کھاتوں کے خسارہ میں کمی واقع ہو گی۔

رواں مالی سال دوست ممالک سے ملنے والے قرضوں سے ادائیگیوں کا توازان بہتر ہوگا۔ دی اکنامسٹ نے اس بات کا امکان ظاہر کیا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام 2019ء کے ابتدا میں شروع ہو سکتا ہے۔