اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے آئی ایم ایف کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے، بجلی پر ایک سو چھیالیس ارب کی سبسڈی واپس لینے کی سفارش، تقسیم کار کمپنیوں کو یکساں ٹیرف بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے دباؤ پر گھنٹے ٹیک دیے ہیں اور عوام سے 146 ارب روپے کا ریلیف واپس لینے کی سفارش کی گئی ہے، حکومت نے ریلیف واپس ہونے کی صورت میں بجلی کمپنیوں کو نیا یکساں ٹیرف مقرر کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
سبسڈی واپس لینے کے سلسلے میں یکساں ٹیرف کے لیے درخواست نیپرا میں جمع کرا دی گئی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ حکومت اس سال 146 ارب روپے کی سبسڈی نہیں دے سکتی، سبسڈی واپس لینے کے لیے اتھارٹی تقسیم کار کمپنیوں کے لیے نیا یکساں ٹٰیرف مقرر کرے۔
اس میں 50 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے 2 روپے فی یونٹ، 100 یونٹ والے صارفین کے لیے 5 روپے 79 پیسے فی یونٹ، 100 سے 200 یونٹ والے صارفین کے لیے 8 روپے 11 پیسے فی یونٹ، 200 سے 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے 10 روپے 20 پیسے فی یونٹ ٹیرف مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ 300 سے 700 یونٹ والے صارفین کے لیے ٹیرف 17 روپے 60 پیسے، 700 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بجلی کی قیمت 20 روپے 70 پیسے مقررکرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ حکومتی درخواست پر فیصلہ 26 نومبر کو سماعت کے بعد کیا جائے گا۔