اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیپرا نے کراچی میں تمام صارفین کو بلا امتیاز بجلی فراہم نہ کرنے پر کے الیکڑک پر 50 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ ترجمان کے الیکڑک کا کہنا ہے کہ حالیہ فیصلے پر نظر ثانی کے لیے نیپرا سے رابطہ کیا جائے گا۔
نیپرا کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق کے الیکڑک 2017ء میں رمضان المبارک کے دوران اپنے صارفین کو بلا امتیاز بجلی کی فراہمی یقینی بنانے میں ناکام رہی۔ رمضان المبارک کے دوران کے الیکڑک کے زیر انتظام علاقوں میں 14 سے 16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق اتھارٹی نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دی اور کے الیکڑک کو اپنی صفائی میں ثبوت پیش کرنے کا موقع دیا گیا تاہم کے الیکڑک اپنے موقف کے حق میں کوئی ثبوت پیش نہ کر سکی۔ نیپرا نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کے الیکڑک پر جرمانہ عائد کیا۔
دوسری جانب کے الیکڑک کے ترجمان نے کہاہےکہ تمام آپریشنز قواعد وضوابط کے تحت سرانجام دیئے جاتے ہیں اور اتھارٹی سے اس فیصلے پر نظر ثانی کے لیے رابطہ کیا جائے گا۔