اسلام: (دنیا نیوز) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کیلئے حکومت پر دباؤ بڑھانا شروع کر دیا ہے، آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ اضافے کا حتمی فیصلہ حکومت کیوں کرتی ہے؟ سمری فوری منظور کرائی جائے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے وفد نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے آفس کا دورہ کیا اور وہاں قومی ادارے کے قوانین اور توانائی کی اصلاحات کا جائزہ لیا۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف وفد نے بجلی کے نقصانات،عدم وصولیوں اور خسارے پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے نرخ بڑھانے کی سمری پر عملدرآمد کیوں نہیں ہوا؟ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ حکومت کیوں کرتی ہے؟ آئی ایم ایف نے ان معاملات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا طریقہ کار طے کریں کہ نیپرا کی تجویز پر پندرہ دن میں عمل ہو۔
اس موقع پر نیپرا حکام نے بتایا کہ ادارہ قانون میں خود ترمیم نہیں کر سکتا، نیپرا کا تجویز کردہ بجلی کا ریٹ خود بخود نافذ ہونے کا کوئی قانون نہیں ہے۔
آئی ایم ایف حکام نے تجویز دی کہ بجلی کی پیداوار کے نرخ طے کرنے کا دورانیہ کم کیا جائے، اس کے علاوہ بجلی کے ریٹ بڑھانے کی حالیہ سمری فوری منظور کرائی جائے اور نیپرا کی کارکردگی رپورٹ ایک ماہ کی بجائے 15 دنوں میں فراہم کی جائے۔