ایک ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا انڈیکس 1.9 فیصد گر گیا

Last Updated On 24 November,2018 11:35 am

کراچی: (دنیا نیوز) ایک ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا انڈیکس 1 اعشاریہ 9 فیصد گر گیا، مارکیٹ 41 ہزار کی حد برقرار نہ رکھ سکی۔

ملک کے خراب معاشی حالات کے سبب سرمایا کاروں نے کاروباری ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایا لگانے کی بجائے شیئرز فروخت کیے، جس کے باعث ایک ہفتے کے دوروان مجموعی طور پر شیئرز کی مالیت میں 139 ارب روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

مارکیٹ میں جہاں مقامی سرمایا کاروں نے حصص فروخت کیے وہیں فارن انویسٹرز نے بھی 1 کروڑ 16 لاکھ ڈالر مالیت کے شیئرز فروخت کرڈالے، جس کے باعث اسٹاک مارکیٹ 41 ہزار کی سطح برقرار نہ رکھ سکی اور اختتام پر مجموعی طور پر 791 پوائنٹس کی کمی کے بعد 40 ہزار 869 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوئی۔

اسٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق اس وقت ادائیگوں کا توازن بری طرح متاثر ہے، سعودیہ عرب کی جانب سے 1 ارب ڈالر وصول ہونے کے باوجود ابھی ملک کو کم از کم 11 ارب ڈالر کی مزید ضرورت ہے، یہی وجہ ہے کہ سرمایا کار ملکی معاشی صورتحال کو دیکھتے ہوئے سٹاک مارکیٹ میں سرمایا لگانے سے ہچکچا رہے ہیں۔