پی ایس او مالی مشکلات کا شکار، ادارے کی وصولیاں 342 ارب تک پہنچ گئیں

Last Updated On 22 November,2018 01:55 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان اسٹیٹ آئل کو شدید مالی مشکلات کا سامنا، ادارے کی وصولیاں 342 ارب روپے تک پہنچ گئیں۔

پاکستان کی سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی اس وقت شدید مالی مشکلات کا شکار ہے، جس کی بڑی وجہ ادارے کی وصولیاں ہیں، ذرائع کے مطابق اس وقت پی ایس او کی وصولیاں 342 ارب روپے تک پہنچ چکی ہیں۔ بجلی پیدا کرنے والی کمپنیاں جس میں حبکوں، پیپکو، کیپکو اور جنکوز شامل ہیں، پی ایس او کی لگ بھگ 269 ارب روپے کی مقروض ہیں۔

باکمال لوگ لاجواب سروس کی دعویدار قومی ائیرلائن نے پاکستان اسٹیٹ آئل سے تیل حاصل کر کے جہاز تو خوب اُڑائے مگر پی ایس او کے ساڑے 17 ارب روپے ادا نہیں کیے، عدم ادائیگیوں کی فہرست میں اب سوئی نادرن گیس کمنپی بھی شامل ہوچکی ہے، جس نے ایل این جی کی خریداری کی مد میں پاکستان اسٹیٹ آئل کو 29 ارب روپے ادا نہیں کیے۔

پی ایس او کی وصولیاں ابھی ان اداروں سے باقی تھی کہ حکومت نے عوام کو سستا پیٹرول فراہم کرنے کے چکر میں نیا ادھار کھاتا بھی کھول لیا، سستے پیٹرول کی فراہم کی مد میں حکومت کو پی ایس او کے 10 ارب روپے ادا کرنے ہیں۔