کراچی: (روزنامہ دنیا) پاکستان کے غیر ملکی قرضے تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے جو اب بڑھ کر 99 ارب 11 کروڑ ڈالر ہو گئے ہیں۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق ملک کے واجب الادا غیر ملکی قرضوں کا حجم 99 ارب 11 کروڑ ڈالر ہو گیا۔ سٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں بیرونی قرضوں میں 2 ارب 37 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔
مرکزی بینک کے مطابق جون 2018 میں پاکستان کے ذمہ بیرون قرضے 95 ارب 34 کروڑ ڈالر تھے جو بڑھ کر 99 ارب 11 کروڑ ڈالر ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق ان قرضوں کے حجم میں سعودی عرب سے ملنے والے 2 ارب ڈالر بھی شامل ہیں جبکہ یو اے ای اور سعودی عرب سے ملنے والے مزید 1،1 ارب ڈالر اس قرضوں کے حجم میں شامل نہیں۔