اسلام آباد: (دنیا نیوز) چین سے ملنے والی اس خطیر رقم سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔ 2.1 ارب ڈالر کی رقم کو مرکزی بینک میں ٹرانسفر کرا دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کو درپیش اقتصادی اور معاشی مسائل کے حل کیلئے دوست ملک چین کی جانب سے 2.1 ارب ڈالر کی خطیر رقم موصول ہو گئی ہے۔ چین کی اس مالی امداد سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔
ترجمان وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چین سے ملنے والی 2.1 ارب ڈالر کی رقم کو سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کرا دیا گیا ہے۔
چین کی جانب سے ملنے والی اس خطیر رقم سے رقم سے ادائیگیوں کے توازن میں بہتری اور زرمبادلہ ذخائر میں استحکام آئے گا۔ اس سے پہلے سعودی عرب سے بھی پاکستان کو 3 ارب ڈالرز کی ادائیگی کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے بھی 3 ارب ڈالر کا وعدہ کیا ہے تاہم اس میں سے 1 ارب ڈالر آئندہ ماہ ملیں گے۔ سعودی عرب 3 ارب ڈالر کا تیل موخر ادائیگیوں پر فراہم کرے گا۔