پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے 37 پیسے اضافے کی سفارش

Last Updated On 30 April,2019 03:18 pm

اسلام آباد (دنیا نیوز) یکم مئی سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے، اس حوالے سے اوگرا نے ردوبدل کے بعد سمری پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق پٹرول کی قیمت میں14روپے 37پیسے فی لیٹراضافے کی سفارش کی گئی ہے۔ ہائی سپیڈ ‏ڈیزل کی قیمت میں لیٹر 4 روپے 89پیسے، ‏لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 6روپے40پیسے اور ‏مٹی کا تیل 7روپے46پیسے فی لٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

اگر آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری کردہ قیمتوں کے نوٹسز کا جائزہ لیا جائے تو اگست 2018 سے اپریل 2019 تک وفاقی حکومت نے چار مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ تین مرتبہ کمی کی ہے جبکہ ایک ماہ قیمتوں کو برقرار رکھا گیا تھا۔

حکومت کی جانب سے قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ رواں ماہ کے لیے چھ روپے فی لیٹر کیا گیا ہے جبکہ سب سے زیادہ کمی جنوری میں پانچ روپے کی گئی تھی۔

فروری 2019 سے اب تک حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں تقریباً آٹھ روپے کا اضافہ کیا ہے۔

جب تحریک انصاف کی حکومت نے اگست 2018 میں اقتدار سنبھالا تھا اس وقت پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 95 روپے 24 پیسے تھی جبکہ آج اس کی قیمت 98 روپے 89 پیسے ہے یعنی اتار چڑھاؤ کے بعد اگست کے مقابلے میں یہ اضافہ ساڑھے تین روپے فی لیٹر کے لگ بھگ ہے۔

 

Advertisement