لاہور: (ویب ڈیسک) اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر بندر ایم ایچ ہجر کی سربراہی میں وفد نے مشیر برائے خزانہ، ریونیو و اقتصادی امور ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ایگزم بینک آف پاکستان کی فعالیت اور بلوچستان میں مؤثر اریگیشن سسٹم کو زرعی پیداوار بڑھانے کے لئے استعمال میں لانے کے منصوبوں کے معاہدے پردستخط کئے گئے۔
مشیر خزانہ نے صدر اسلامی ترقیاتی بینک کو ملکی معیشت اور مالیاتی صورتحال کی بہتری کے لئے عموماً اور کرنٹ اکائونٹ کی صورتحال پر پالیسی اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت وسط مدتی اقتصادی فریم ورک کے اہداف کے حصول کے لئے حکمت عملی کو حتمی شکل دے رہی ہے جواس پر آئی ایم ایف کی ٹیم کے ساتھ اتفاق ہوا ہے اور آئی ایم ایف کی ٹیم 3 سالہ پروگرام پر تکنیکی بات چیت کے لئے پہلے ہی پاکستان میں موجود ہے۔
اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر نے پراجیکٹ فنانسنگ کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم ظاہر کیا اور جامشورو کول فائرڈ پاور پلانٹ کے لئے جلد فنانسنگ کی یقین دہانی کرائی۔