اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے عیدالفطر سے پہلے عوام پر مہنگائی کا بڑا بم گراتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ کر دیا ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 26 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 50 پیسے فی لٹر اضافہ کر دیا گیا ہے۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 112 روپے 68 پیسہ فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ لائٹ ڈیزل کی قیمت ایک روپے 68 پیسے اضافے کے ساتھ 88 روپے 62 پیسے فی لٹر ہوگئی ہے۔ مٹی کا تیل 1 روپے 69 پیسے فی لٹر مہنگا ہوا جس کے بعد اس کی نئی قیمت 98 روپے 46 پیسے مقرر کی گئی ہے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 126 روپے 82 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 9 روپے فی لٹر تک اضافے کی سفارش کی گئی تھی۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 99 پیسے فی لٹر اضافے کی سفارش کرتے ہوئے نئی قیمت 131 روپے 31 پیسے فی لٹر تجویز کی گئی۔
مٹی کے تیل کی قیمت میں 1 روپیہ 69 پیسے فی لٹر اضافے کی سفارش کرتے ہوئے نئی قیمت 98 روپے 46 پیسے فی لٹر کرنے کی تجویز دی گئی۔
لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپیہ 68 پیسے فی لٹر اضافے کی سفارش کرتے ہوئے نئی قیمت 88 روپے 62 پیسے فی لٹر کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔