پشاور: (دنیا نیوز) پشاورسمیت خیبرپختونخوا میں نانبائیوں نےآٹے کی قیمت میں اضافے اورضلعی انتطامیہ کی جانب سے روٹی کی قیمت نہ بڑھانے کے خلاف ہڑتال کر دی ہے، پشاور میں تمام تندوربند ہیں۔
پشاورسمیت صوبے بھر میں نانبائیوں نے انجمن پختونخوا نانبائی ایسوسی ایشن کال پر ہڑتال کر دی، آج سے شروع ہونیوالی ہڑتال کے سبب پشاور میں روٹی ناپید ہو گئی جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
نانبائی ایسوسی ایشن کے مطابق حکومت نے آٹا اور گیس مہنگی کر دی، آٹے کی قیمت فی کلو 10 روپے بڑھ گئی ہے، نقصان کی بجائے کاروبار بند کرنا بہتر ہے، کاروبار میں مزید نقصان کے متحمل نہیں ہوسکتے۔
نانبائیوں کا موقف ہے کہ 150 گرام روٹی 12 روپے میں فروخت کرنے پر اتفاق طے پایا تھا، انتظامیہ نے تاحال اعلامیہ جاری نہیں کیا، ہڑتال غیر معینہ مدت کے لیے ہو گی۔