لاہور: ( روزنامہ دنیا ) ایف بی آر نے انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کے 317 افراد پر 11 کروڑ 97 لاکھ روپے کا ٹیکس عائد کر کے آرڈر جاری کر دیئے۔ ٹیکس ادائیگی کیلئے ایک ماہ کی مہلت دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ان افراد پر انکم سپورٹ لیوی ٹیکس سال 2013 کی مد میں ٹیکس عائد کیا گیا، ان افراد کو بارہا نوٹس جاری کئے گئے ، تمام افراد کی جانب سے جواب نہ دینے پر ٹیکس عائد کیا گیا، اگر ان افراد نے مقررہ وقت میں ٹیکس ادا نہ کیا تو ان کے اکائونٹس منجمد کئے جائیں گے۔
ادھرایف بی آر میں بڑے پیمانے پر تبادلوں کی وجہ سے بیرون ملک سے امپورٹ کی گئی مشینری اور خام مال پر ٹیکس گزاروں کو جرمانہ پڑنے لگا۔ ٹیکس دہندگان کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے درآمد کی گئی مشینری یا خام مال ایف بی آر سے ایگزیمپشن سرٹیفکیٹ نہ ملنے کی وجہ سے پورٹ سے نہیں مل رہا۔
ٹیکس پیئر منیر احمد نے کہا کہ چائنہ سے ڈیزل انجن کے پارٹس منگوائے آٹھ روز گزر گئے، اب پورٹ پر پڑے سامان پر جرمانہ پڑنا شروع ہوگیا ہے، ٹیکس پیئر زاہد نے کہا کہ ایف بی آر میں سٹاف نہ ہونے کی وجہ سے ایگزیمپشن سرٹیفکیٹ نہیں مل رہے، چین سے آٹو پارٹس کے چھ کنٹینر منگوائے ہوئے دس روز گزر گئے ہیں، ایک کنٹینر پر روزانہ کی بنیاد پر ایک سو ڈالر جرمانہ پڑ رہا ہے، ایف بی آر میں تبادلے ہوئے 10 روز گزر گئے مگر سٹاف چارج نہ سنبھال سکا۔