لاہور: (دنیا نیوز) چیئر مین ایف بی آر سیّد شبر زیدی کا کہنا ہے کہ بہت کم لوگ ٹیکس نیٹ میں شامل ہیں، جو لوگ ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں ہیں ان کو ہر حال میں ٹیکس نیٹ میں آنا پڑے گا۔ 20 کروڑ میں سے صرف چند لاکھ ٹیکس دیتے ہیں اس روش کو بدلنا پڑے گا۔ بنیادی اصولوں پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرینگے۔
دنیا نیوز کے پروگرام دنیا کامران خان کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ریٹیلر اور ہول سیلرز کو ہر صورت میں ٹیکس نیٹ میں آنا پڑے گا۔ اگر تاجر نہیں آتے تو یہ غلط ہے۔ کچھ لوگ شناختی کارڈ کی رجسٹریشن سے متعلق ورغلا رہے ہیں، تاجروں کی مختلف کیٹیگریاں بنانے کے لیے تیار ہیں ان کے تحفظات بھی دور کرینگے۔ پی ٹی آئی کی تبدیلی کی حکومت کو غیر تبدیلی میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
چیئر مین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ چھوٹے دکاندار ٹیکس دینا چاہتے ہیں۔ چھوٹے دکانداروں کو ٹیکس نادہندگان اُکسا رہے ہیں، فکس ٹیکس چھوٹے تاجروں کے لیے ہو گا، کسی نے مجھ سے شناختی کارڈ کے مسئلے کے اوپر شکایت نہیں کی۔ وزیراعظم عمران خان ایف بی آر کیساتھ مل کر ملک میں ٹیکس کا نظام تبدیل کرنا چاہتے ہیں، جو لوگ ٹیکس نہیں دیتے رہے وہ اس کیخلاف ہیں۔
سیّد شبری زیدی کا مزید کہنا تھا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں احتساب کا نظام لا رہے ہیں، سمگلنگ اور افغان ٹرانزٹ ٹریڈ نے ہماری نسلوں کو تباہ کر دیا ہے اس کو روکنے کی پوری کوشش کریں گے۔