اسلام آباد: (دنیا نیوز) شبر زیدی نے کہا ہے کہ آٹے پر سیلز ٹیکس نہیں لگایا، جی ایس ٹی سے متعلق افواہیں پھیلائی جا رہی ہے، شناختی کارڈ کی شرط پر غلط فہمیاں اور ابہام پیدا کیا گیا۔
چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا گزشتہ روز اپٹما عہدیداروں سے بات چیت ہوئی ہے، زیرو ریٹنگ اور شناختی کارڈ کے معاملے پر مذاکرات ہوئے، کل رات کراچی کے تاجروں سے بھی بات ہوئی، کسی سے کوئی ڈیڈ لاک نہیں، فیصل آباد چیمبر سے بھی آج گفتگو ہوئی ہے، مشاورت سے عمل درآمد ہوگا، کوئی ایسا فیصلہ نہیں ہوگا جس سے صنعتکار کو نقصان ہو۔
شبر زیدی کا کہنا تھا شناختی کارڈ کے معاملے پر کچھ عناصر فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، شناختی کارڈ کی آڑمیں لوگ دوسرے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں، ٹیکس نہیں لگایا، پھر بھی روٹی کی قیمت بڑھی تو میں جوابدہ نہیں، کھانے کی اشیا خورونوش پر ٹیکس نہیں لگا، چھوٹے دکانداروں کیلئے فکس ٹیکس سکیم شروع کرنا چاہتے ہیں، اصلاحات کا مقصد ٹیکس کا دائرہ کار بڑھانا ہے، غیر رجسٹرڈ موبائلز پر ڈیوٹی سے متعلق بات چیت ہو رہی ہے۔
چیئرمین ایف بی آر نے مزید کہا کہ تمام فیصلوں پر اطلاق کیلئے تیار ہیں، گاڑیوں پر ٹیکس سے متعلق کوئی تبدیلی نہیں کی، ہمیں کہا جا رہا ہے 400 روپے لے کر بند موبائل آن کر دیں، گاڑیوں پر ٹیکس صوبوں کا معاملہ ہے، سیلز ٹیکس ادا کرنے والوں کی تعداد بہت کم ہے، جو ٹیکس میں نے لگایا صرف اس کاجوابدہ ہوں۔