اسلام آباد: (دنیا نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں ایک بار پھر بڑے پیمانے پر تبادلے کر دیئے گئے۔
دنیا نیوز کے مطابق ایف بی آر میں ایک بار پھر بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ ہوئی ہے، کسٹمز کے 503 افسران کو تبدیل کر دیا گیا ہے، ان تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیکس اکٹھا کرنے کا ہدف: ایف بی آر کے 524 افسران کے تقرر و تبادلے
ذرائع کے مطابق کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں افسران تبدیل کیے گئے ہیں، تبدیل ہونے والوں میں آپریزنگ آفیسرز، ایویلی ایشن آفیسرز، انسپکٹرز، سپریٹنڈنٹس شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’ ہراساں کرنیوالے اختیارات ایف بی آر سے واپس لینے کا اعلان‘
ذرائع کے مطابق تبدیل ہونے والوں میں کسٹمز انٹیلی جنس کے افسران بھی شامل ہیں، کئی سال سےایک جگہ پر تعینات آفسران کو بھی بدل دیا گیا ہے، افسران کا ٹیکس پیرز کے ساتھ گٹھ جوڑ توڑنے کیلئے بھی تبادلے کئے گئے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 5 ہزار 555 ارب روپے کا ٹیکس اکٹھا کرنے کیلئے ایف بی آر نے ملک بھر سے 524 افسران کے تقرر و تبادلے کیے تھے۔
دنیا نیوز کو موصول دستاویز کے مطابق گریڈ 9 سے 16 کے 504 ملازمین کے تقرر و تبادلے کیے گئے تھے، گریڈ 18 اور 20 کے 21 افسران کو بھی تبدیل کیا گیا تھا، تمام افسران کے تقرر و تبادلوں کے نوٹیفیکیشن جاری کر دیئے گئے۔ گریڈ 20 کے افسر جاوید اقبال کو کمشنر ان لینڈ ریونیو اسلام آباد تعینات کیا گیا تھا، جاوید اقبال ہیڈ کوارٹر میں چیف اکاؤنٹنگ کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔
گریڈ 18 کے افسر زاہد الباری کی کارپوریٹ ریجنل ٹیکس آفس کراچی میں تعینات کیا گیا تھا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریجنل ٹیکس آفس اسلام آباد اجمل خان ڈائریکٹوریٹ آف انٹرنل آڈٹ راولپنڈی تعینات جبکہ سید اظہر عباس شیرازی کی چیف کمشنر آفس ریجنل ٹیکس آفس فیصل آباد تعینات ہوئے تھے۔