کراچی: (دنیا نیوز) ایک ہفتے کے دوران پاکستان سٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس میں 1 فیصد گراوٹ ریکارڈ کی گئی، دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 160 روپے 70 پیسے پر مستحکم رہا۔
کاروباری ہفتے کے دوران حصص بازار مقامی سرمایا کاروں کے لئے پرکشش نہ رہا۔ سٹاک مارکیٹ میں شیئرز فروخت کرنے والے خریداروں پر حاوی رہے، جس کے باعث حصص کی مالیت 111 ارب روپے کم ہوگئی۔
پورے ہفتے کے دوران 100 انڈیکس 355 پوائنٹس کمی کے بعد مارکیٹ 32 ہزار 103 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوئی، اس دوران بیرونی سرمایا کار شیئرز کی کم مالیت کو دیکھتے ہوئے متحرک ہوگئے اور 84 لاکھ ڈالر کا سرمایا سٹاک مارکیٹ میں لگا ڈالا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے بعد توقع تھی کہ مارکیٹ بہتر پر فارم کرے گی مگر اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج کے باعث سٹاک مارکیٹ میں سرمایا کاروں نے محتاط رویہ اختیار کیا۔
دوسری جانب ایک ہفتے کے دوران بینکوں کے درمیان امریکی کرنسی کی مانگ میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ انٹر بینک میں ڈالر 39 پیسے اضافے سے 160 روپے 58 پیسے پر بند ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 160 روپے 70 پیسے کی سطح پر مستحکم رہا۔