کراچی: (دنیا نیوز) سندھ رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے بچے کے اغوا میں ملوث چار اغوا کاروں کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق اغوا کاروں نے پانچ سالہ بچے کو اغوا کیا ہوا تھا۔ ملزموں میں عبدالغفار، پروین، عبدالحمید اور فرمان شامل ہیں۔ اغوا کاروں نے اسد نامی بچے کو کراچی کے علاقے گلستان جوہر سے اغوا کیا تھا۔
اغوا کاروں کی جانب سے بچے کی رہائی کے بدلے پچاس لاکھ اور بعد میں پانچ لاکھ تاوان طلب کیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق عبدالغفار اور پروین نامی اغوا کاروں نے بچے کے اغوا کی منصوبہ بندی کی جبکہ ملزم فرمان مغوی بچے کو کراچی سے خیرپور لے کر گیا۔
رینجرز ترجمان کا کہنا ہے کہ عبدالحمید نے تکنیکی معاونت اور رقم کے لیے کال کی۔ ملزموں نے اہلخانہ کو تاوان ادا نہ کرنے پر بچے کو مارنے کی دھکمی دی۔
انہوں نے بتایا کہ اغوا کاروں کی گرفتاری کے لیے کراچی، جامشورو اور خیر پورمیں کارروائی کی گئی۔ عبدالغفار اور پروین کی گرفتاری کراچی سے عمل میں آئی جبکہ فرمان اللہ کو خیرپور جبکہ عبدالحمید چاچڑ کو ضلع جامشورو سے گرفتار کیا گیا۔