لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں جاری غیر یقینی سیاسی صورتحال اور مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد ملکی سٹاک مارکیٹ میں بڑی مندی دیکھی گئی جس کے بعد حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس 30 ہزار کے بیریئر سے بھی محروم ہو گیا۔
کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بھی بڑی مندی دیکھی گئی، حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس میں 539.47 پوانئٹس کی گراوٹ دیکھی گئی جس کے بعد انڈیکس 30 ہزار کی حد سے بھی محروم ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیں: سٹاک مارکیٹ، جنوری سے اب تک انڈیکس میں 6700 پوائنٹس سے زائد کمی
ایک موقع پر پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 29400.28 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا اس دوران سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے بعد انڈیکس میں تیزی دیکھنے میں آئی اور پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس دوبارہ 30277.45 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا۔
اس دوران ملک میں غیر یقینی صورتحال کے باعث ایک مرتبہ پھر مندی دیکھی گئی، مارکیٹ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی بیٹی مریم نواز کی گرفتاری نے ملکی سٹاک مارکیٹ پر برے اثرات ڈالے۔ تیزی میں جانے والی سٹاک مارکیٹ میں ایک دفعہ پھر بڑی مندی دیکھی گئی۔
کاروبار کے اختتام پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 539.47 پوائنٹس کی کمی کے بعد 29737.98 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بھی مندی دیکھی گئی تھی جس کے بعد انڈیکس 723.23 پوائنٹس کی مندی کے بعد 30277.45 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا، گزشتہ روز بھی انویسٹرز کو 120 ارب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا تھا۔