سستی بجلی، رجسٹریشن کے مسائل پر پاورلوم انڈسٹری میں کام بند، لاکھوں مزدور بے روزگار

Last Updated On 16 October,2019 03:35 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) ٹریڈر کی رجسٹریشن کا معاملہ حل نہ ہونے اور سستی بجلی کی عدم فراہمی پر فیصل آباد میں مالکان نے پاورلوم انڈسٹری کو تالے لگا دئیے، ایک لاکھ سے زائد پاورلومز بند ہیں جس سے لاکھوں مزدور بے روزگار ہوگئے ہیں۔

ٹیکسٹائل کنگ کی پہچان پاورلوم انڈسٹری سے ہے، ٹریڈر کے شناختی کارڈ کا معاملہ حل نہ ہونے اور رجسٹرڈ پاورلومز کو سستی بجلی نہ ملنے پر پاورلوم مالکان نے فیکٹریوں کو تالے لگا دئیے۔ فیصل آباد، حافظ آباد، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، کمالیہ اور گوجرہ میں ایک لاکھ سے پاورلوم یونٹ بند پڑے ہیں۔

پاورلوم مالکان نے غلام محمد آباد میں حکومت کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی اور مطالبات کی منظوری کا مطالبہ کیا۔

پاورلوم مالکان کا کہنا ہے مڈل مین کی رجسٹریشن نا ہونے سے وہ اپنی جیب سے 17 فیصد سیلز ٹیکس ادا کررہے ہیں جبکہ حکومت نے ساڑھے 7 سینٹ فی یونٹ بجلی کی فراہمی کا مطالبہ بھی پورا نہیں کیا۔