اسلام آباد: (دنیا نیوز) تاجر برادری کے تحفظات دور کرنے کیلئے نیب نے 6 رکنی کمیٹی بنا دی، سفارشات پر غور کے لئے تین رکنی جائزہ کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے جو مسائل کے حل کیلئے سفارشات چیئرمین نیب کو پیش کرے گی۔
نیب نے تاجر برادری کے تحفظات دور کرنے کے لئے ہائی پروفائل کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں افتخار ملک، دارہ خان اچکزئی، عاطف باجوہ، انجم نثار، سکندر مصطفی اور جمیل یوسف شامل ہیں۔ یہ کمیٹی، بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرنے کیلئے سفارشات پیش کرے گی۔
6 رکنی کمیٹی کی پیش کردہ سفارشات کے جائزے کیلئے ایک جائزہ کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جو حتمی سفارشات چئیرمین نیب کو پیش کرے گی۔ جائزہ کمیٹی ڈپٹی چئیرمین نیب، پراسیکیوٹر جنرل اور ڈی جی آپریشنز پر مشتمل ہو گی۔
نیب اعلامیے کے مطابق بزنس کمیونٹی کمیٹی کی حیثیت صرف مشاورتی ہوگی اور نیب کے قانونی اختیارات پر قدغن نہیں لگا سکے گی۔