لاہور: (فہد شہباز خان) نواز شریف نیب میں ڈے کیئر سنٹر میں قید ہیں اور اسی عمارت کے اندر انویسٹی گیشن روم موجود ہے۔ ڈے کیئر سنٹر کے باہر بڑا سا لان ہے جس میں سابق وزیراعظم کیلئے میز، کرسی اور چھتری کا انتظام موجود ہے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف صبح اور شام اپنے قید خانے سے باہر لان میں آتے ہیں اور گھنٹہ گھنٹہ واک کرتے ہیں اور لان میں بیٹھ کر کتاب یا پھر قرآن شریف کی تلاوت کرتے ہیں۔ نواز شریف کے حراست کے کمرے کے پاس پی آئی سی کی ایمرجنسی گاڑی موجود ہے جس میں ڈیوٹی پر 3 ڈاکٹر ہمہ وقت موجود رہتے ہیں تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ان کا چیک اپ کیا جا سکے۔
نیب کا ڈاکٹر روزانہ کی بنیاد پر سابق وزیراعظم کا بلڈ پریشر اور شوگر لیول چیک کرتا ہے۔ ڈے کیئر سنٹر کے باہر 4 پولیس جوان ڈیوٹی پر موجود رہتے ہیں اور ڈے کیئر سنٹر کی چھت پر بھی سکیورٹی کا سخت انتظام موجود ہے، سرچ لائٹس لگا کر رات بھر فول پروف سکیورٹی کا بندوبست ہے۔
سابق وزیراعظم کا کھانا روزانہ کی بنیاد پر گھر سے آتا ہے ، جسے نیب ریسپشن پر پولیس وصول کرتی ہے اور کھانے کو چیک کرنے کے بعد نواز شریف کو پہنچایا جاتا ہے۔ نواز شریف ناشتے میں زیادہ تر ڈرائی فروٹ یا پھل کھاتے ہیں۔ دوپہر کے کھانے کا مینیوروزانہ مختلف ہوتا ہے۔