شہباز شریف خاندان کیلئے مبینہ منی لانڈرنگ، ملزم شعیب قمر سے تفتیش کی رپورٹ احتساب عدالت میں جمع

Last Updated On 15 October,2019 05:03 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نیب لاہور نے شہباز شریف خاندان کے لیے مبینہ منی لانڈرنگ کرنے والے ملزم شعیب قمر سے ہونے والی تفتیش کی رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرا دی۔ ملزم جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں ہے۔

نیب لاہور شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کر رہا ہے۔ ملزم شعیب قمر کو بھی اسی کیس میں نیب کی جانب سے گرفتار کیا گیا تھا۔

نیب کے مطابق ملزم شعیب نے دوران تفتییش کئی اہم انکشافات کیے ہیں۔ ملزم ہر ماہ 15 سے 20 ملین کی رقم گڈ نیچر ٹریڈنگ کمپنی سے نکلواتا تھا۔ نکلوائی جانے والی رقم حمزہ شہباز، سلمان شہباز، نصرت شہباز اور تمہینہ دارنی سمیت دیگر افراد کو دی جاتی تھی۔

ماڈل ٹاؤن 96 ایچ کی رہائشگاہ کے کچن کی ضروریات پوری کرنے کے لیے بھی یہ فنڈز استمعال ہوتے تھے۔ دوران تفتیش ملزم نے ایک اور بے نامی کمپنی نصار ٹریڈنگ سے متعلق بھی بتایا۔

نیب رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بے نامی کمپنی شریف گروپ کے ایک اور ملازم راشد کرامت کے نام پر منتقل کی گئی۔ دوران تفتیش ملزم سے مزید دو کیش بوائز سے متعلق پوچھا گیا۔

ملزم نے بتایا کہ کیش بوائے امجد اور ارشد شریف ورکنگ گروپ کے ملازم ہیں۔ مسرور انوار کی غیر حاضری میں دونوں کیش بوائے بینکوں سے ٹرانکیشز کراتے ہیں۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر ملزم کو عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا۔