اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے سابق صدر آصف زرداری کو جیل سے ہسپتال منتقل کرنے سے متعلق درخواست مسترد کر دی۔ فاضل جج محمد بشیر نے محفوظ فیصلہ سنایا جس میں کہا گیا ہے کہ دائر کردہ درخواست عدالتی دائرہ اختیار میں نہیں آتی، متعلقہ فورم سے رجوع کیا جائے۔
سابق صدر آصف زرداری کو جیل سے ہسپتال منتقل کرنے سے متعلق درخواست پر فیصلہ جاری کر دیا گیا ۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے 3صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں سابق صدر آصف علی زرداری کی ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست مسترد کر دی ، فیصلے میں عدالت نے جیل سپریٹنڈنٹ کو ہدایت دی کہ میڈیکل رپورٹ کی روشنی میں اقدامات کیے جائیں، عدالت کے پاس ہسپتال کو سب جیل قرار دینے کا اختیار نہیں ہے، جیل حکام ایگزیکٹو آڈر کے ذریعے ہسپتال کو سب جیل قرار دے سکتے ہیں۔
فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ملزم کو متعلقہ پلیٹ فارم سے رجوع کرنا چاہیے، دائر کردہ درخواست عدالتی دائرہ اختیار میں نہیں آتی ، جیل سپریڈنٹ تمام معاملات پر اپنی رپورٹ 22 اکتوبر کوعدالت میں پیش کرے۔