اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب ایگزیکٹو بورڈ نے جعلی اکاؤنٹس کیس سمیت تین نئے کریشن ریفرنسز دائر کرنے اور کراچی کے اداروں میں کرپشن الزامات پر تین انکوائریوں کی منظوری دے دی ہے۔
چئیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بدعنوانی کے کینسر کی سرجری وقت کی اہم ضروت ہے۔ ورلڈ اکنامک فورم کی جانب سے نیب کی کاوشوں کو سراہا جانا اعزاز ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کے چئیرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں انہوں میگا کرپشن مقدمات منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم دہرایا۔
ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں اومنی گروپ کے خواجہ انور مجید کے خلاف منی لانڈرنگ کا ریفرنس دائر کیا جائے گا۔ ان پر قومی خزانے کو 34 کروڑ روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
سابق چئیرمین بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی سعادت انور اور ڈائریکٹر کینال ویو عارف خان کے خلاف بھی ریفرنس دائر کیے جائیں گے۔ ایگزیکٹو بورٖڈ نے فیصلہ کیا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، کراچی میونسپل کارپوریشن اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے افسران کے خلاف بدعنوانی کے الزام میں انکوائری شروع کی جائے گی۔ اجلاس میں ایک انویسٹی گیشن کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمین نیب کا کہنا تھا کہ بدعنوانی کے کینسر کی سرجری وقت کی اہم ضروت ہے۔ ورلڈ اکنامک فورم کی جانب سے نیب کی کاوشوں کو سراہا جانا ادارے کے لئے اعزاز ہے۔ میگا کرپشن مقدمات کی تحقیقات کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔