گردشی قرضے تیل و گیس کی تلاش میں رکاوٹ بننے لگے

Last Updated On 25 October,2019 04:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) گردشی قرضے تیل و گیس کی تلاش میں رکاوٹ بننے لگے، سالانہ بنیاد پر نئے کنوں کی کھدائی میں اوسط 27 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، بیرونی سرمایہ کاری بھی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

دنیا نیوز کے مطابق تیل اور گیس کے نئے کنوں کی تلاش گردشی قرضوں کی نظر ہونے لگی۔ انڈسٹری ذرائع کے مطابق مالی سال 19-2018 میں 27 نئے کنویں کھودے گئے جو گزشتہ پانچ سال کی کی اوسط کے مقابلے میں 27 فیصد کم ہے، اس سے قبل سالانہ 37 کنوؤں کی کھدائی ہوا کرتی تھی۔

ذرائع کے مطابق اس وقت کمپنیوں کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے، صرف ایک سال میں تیل و گیس کی کمپنیوں کے گردشی قرضے 68 فیصد اضافے سے 779 ارب روپے تک پہنچ گئے۔

پاکستان پیٹرولیم کمپنی کی وصولیاں 199 ارب روپے اور اوجی ڈی سی ایل کمپنی کو 194 ارب روپے وصول کرنے ہیں۔

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق موجودہ حالات میں اگر بہتری نہ لائی گی تو اس شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری مسلسل گرنا شروع ہوجائے گی۔