کابل: (روزنامہ دنیا) افغانستان میں فضائیہ نے صوبہ غزنی اور پکتیکا میں کارپٹ بمباری کرکے 80 طالبان کو ہلاک کر دیا۔ افغان فضائیہ کی بمباری سے طالبان شدت پسندوں کے ہتھیاروں کو بھی نقصان پہنچا۔ سکیورٹی فورسز نے لوگر اور وردک میں 8 بارودی سرنگیں بھی ناکارہ بنا دیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق افغان صوبہ غزنی اور پکتیکا میں گذشتہ رات فضائی حملوں میں 80 طالبان ہلاک ہو گئے۔ 203 آرمی کور کے ترجمان نے بتایا کہ باغیوں کو صوبہ پکتیکا کے ضلع آب بند، غزنی اور خوشامند ضلع میں ان کے ٹھکانوں کے اندر نشانہ بنایا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بمباری کے دوران 12شدت پسند زخمی بھی ہوئے اور طالبان کے اسلحے خانے تباہ ہو گئے۔ دوسری طرف افغانستان کے شمالی صوبے تخار کے 6000 سے زیادہ خاندان موجودہ جنگ اور تنازع کی وجہ سے بے گھر ہوچکے ہیں۔