کراچی: (دنیا نیوز) معیشت کا پہیہ چلانے کی خاطر رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں حکومت نے 2 ارب ڈالر کا نیا بیرونی قرض لیا۔
ایک قرض اتارنے کے چکر میں دوسرا قرض لینے کا سلسلہ جاری، اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق حکومت نے جولائی سے ستمبر 2 ارب ڈالر کا نیا قرض لیا، اس عرصے میں آئی ایم ایف سے 1 ارب ڈالر، کمرشل بینکوں سے 51 کروڑ 40 لاکھ ڈالر اور اسلامک ڈویلپمنٹ بینک سے 30 کروڑ ڈالر لئے گئے جبکہ حکومت نے رواں مالی سال بیرونی قرضوں کا ہدف 12 ارب 90 کروڑ ڈالر رکھا ہے۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق اس وقت برآمدات کے مقابلے درآمدات زیادہ ہیں اور قرض اور سود کی ادائیگیوں کے باعث حکومت کو جاری کھاتوں کے خسارے کا سامنا ہے جس کو پورا کرنے کے لئے حکومت ہر سال بیرونی قرضوں میں اضافہ کررہی ہے۔