کابل میں پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ نہ رک سکا

Last Updated On 05 November,2019 02:57 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) افغان وزارت خارجہ اپنی خفیہ ایجنسی کے سامنے بے بس ہو گئی، کابل میں پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ نہ رک سکا۔

 ذرائع کے مطابق افغان وزارت خارجہ کے گزشتہ روز واقعے کی تحقیقات اور روک تھام کے بیان اور یقین دہانی کے باوجود بھی ڈپلومیٹس کو ہراساں کرنے کا سلسلہ نہ تھم سکا، آج بھی کابل میں سفارتکاروں اور سفارتی اہلکاروں کو افغان خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں نے ہراساں کیا۔

افغان حکومت ایک طرف سنجیدگی سے تحقیقات کے بیانات دے رہی ہے اور دوسری طرف ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری ہے جو افغان حکومت کی پاکستان مخالف اور دوغلی پالیسی کی عکاس ہے۔ ذرائع کے مطابق کابل میں پاکستانی سفارتخانہ کا قونصلر سیکشن دوسرے روز بھی بند ہے۔

قونصلر سیکشن بند ہونے سے کابل میں پاکستانی سفارتخانہ ویزوں کا اجرا نہیں کر رہا، پاکستانی سفارتخانہ روزانہ کی بنیاد پر افغانیوں کو بغیر کسی فیس کے تین ہزار ویزے جاری کرتا ہے۔