افغان مفاہمتی عمل، امریکی نمائندہ زلمے خلیل زاد اسلام آباد پہنچ گئے

Last Updated On 01 August,2019 06:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد اہم دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔

امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد پاکستان آمد کے فوری بعد وزارت خارجہ پہنچے جہاں انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے اہم ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق زلمے خلیل زاد افغان طالبان سے ہونے والی اب تک کی پیشرفت سے پاکستانی قیادت کو آگاہ کریں گے۔ ان کے دورے کے دوران افغان مفاہمتی عمل میں آئندہ کے امور پر مشاورت کی جائے گی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق امریکا، افغان طالبان ممکنہ معاہدے سے متعلق امور بھی زیر غور آئیں گے۔ افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے دورانیے پر بھی گفتگو ہوگی۔

امریکی نمائدہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل ‏زلمے خلیل زاد دورہ پاکستان مکمل کرکے قطر روانہ ہو جائیں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا زلمے خلیل زاد سے ملاقات میں کہنا تھا کہ مذاکرات کا مشترکہ اعلامیہ خوش آئند اور تمام فریقین کا متفق ہونا بہت مثبت پیشرفت ہے۔ افغانستان میں استحکام اور دیرپا ترقی کیلئے انٹرا افغان مذاکرات سنگ میل ثابت ہوں گے۔ پاکستان، افغان امن عمل میں اپنا مصالحانہ کردار ادا کرتے رہے گا۔
 

Advertisement